بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بجلی کا بریک ڈائون، انکوائری کمیٹی قائم

 وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہےکہ جو پلانٹس ٹرپ ہوئے ان کو دوبارہ بحال کرنے میں بھی گھنٹے درکار ہیں لہٰذا مغرب سے عشاء کے درمیان سسٹم کو مکمل طورپر بحال کردیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ بریک ڈاؤن کی وجہ سے بڑی مقدار میں بجلی سسٹم سے نکلی جس میں 8 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے باہر نکل گئی جس کے بعد اب تک 4700 میگاواٹ پاور بحالی کرچکے ہیں۔

وزیر توانائی نے کہا کہ فیصل آباد اور ملتان ریجن مکمل طورپر بحال ہیں، سیپکو کو جزوی طور پربحال کیاگیا، جو پلانٹس ٹرپ ہوئے ان کو دوبارہ بحال کرنے میں بھی گھنٹے درکار ہیں، مغرب سے عشاء کے درمیان سسٹم کو مکمل طورپر بحال کردیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرپنگ کراچی سے شروع ہوئی اور دیگر شہروں تک گئی، کوئٹہ اور کراچی میں بجلی کو بحال کرنا باقی ہے، امید ہے کراچی کے پلانٹس بھی جلد بحال ہوجائیں گے۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ جی ایم ٹیکنیکل این ٹی ڈی سی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بنائی ہے جو تحقیقات کرکے چار روز میں رپورٹ جمع کرائے گی، کمیٹی بلیک آؤٹ کی وجوہات کا جائزہ لےگی، کسی خرابی کےباعث ہوا یاکوئی غفلت تھی۔

Back to top button