بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں، عمران خان کی ضمانت میں توسیع


انسداد دہشتگردی کی عدالت نے خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضانت منظور کرتے ہوئے 12 ستمبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت پر انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سماعت ہوئی، کیس کی سماعت عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں عمران خان کی ضمانت کے لیے تحریری درخواست جمع کرائی اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے مکل کو ضمانت دی جائے جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ اس کی مثال نہیں، جو عدالت آتا ہے اسے ضمانت ملتی ہے، آپ کے مکل کو ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہونا ہو گا۔

ایڈووکیٹ بابر اعوان نے کہا کہ میرا مکل اسلام آباد میں موجود ہے، پولیس نے لکھ کر دیا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، پولیس کا کام ہے کہ وہ سکیورٹی فراہم کرے۔

جج نے سرکاری پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ سیون اے ٹی اے جرم کے بغیر کبھی درج ہوئی، آپ کو بتانا ہو گا کونسی کلاشنکوف لی گئی اور کونسی خودکش جیکٹ پہن کر حملہ کیا گیا۔جج نے ریمارکس دیے کہ دونوں ایگزیکٹو افسران جنہیں دھمکی دی گئی ان کا بیان بھی پڑھ کر سنائیں وہ ہے یا نہیں، جس پر سرکاری پراسیکیورٹر نے کہا کہ وہ بالکل ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ میرے مکل کو کچھ ہوا تو آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز ذمہ دار ہوں گے، حکمرانوں کے ساتھ ساتھ یہ افسران بھی ذمہ دار ہوں گے۔جج راجہ حسن جواد نے کہا کہ عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑیگا جس پر بابر اعوان نے کہا کہ اپنے مکل کو 12 بجے لے آتا ہوں، جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس ضمانت پر آج ہی دلائل سنے گی۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے ملزم کو عدالت میں پیش کریں پھر ہم بحث کریں گے جس پر جج نے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ جن کو دھمکی دی گئی ان کا بیان بھی پڑھ کر سنائیں، اس فرض شناس افسر نے اس سے پہلے کتنے دہشتگردی کے مقدمے کیے ہیں۔

جج راجہ حسن جواد نے بابر اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آج تین عدالتیں کھلی ہیں، آپ جو لسٹ دیں گے وہی وکلا کمرہ عدالت میں آئیں گے، گزشتہ سماعت کی طرح عدالت میں غیر متعلقہ افراد نہ آئیں۔

دوران سماعت بابر اعوان ایڈووکیٹ نے عمران خان کو دیا گیا تھریٹ لیٹر عدالت میں جمع کرا دیا جس پر جج نے کہا کہ عمران خان کے خلاف دھمکیاں دینے سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہی ہو گی، عدالت نے کیس کی سماعت 12 بجے تک ملتوی کر دی۔

بعدازاں سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت نے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی 12 سمتبر تک ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Back to top button