بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سیلاب زدگان کیلئے عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں 5 ارب سے زائد فنڈز جمع

 چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سیلاب زدگان کیلئے فنڈریزنگ مہم ٹیلی تھون شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین مہم کے پہلے روز 5 ارب سے زائد کے فنڈز جمع کرنے میں کامیاب رہے ۔امریکا سے ایک اوورسیز پاکستانی نے 22 کروڑ روپے ،وزیراعظم آزاد کشمیر نے 3 کروڑروپے ، علی امین گنڈا پور نے ایک کروڑ ، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے 50 لاکھ روپے عطیہ دیا۔ ایک شہری نے عمرہ کینسل کرکے دس لاکھ روپے دیئے ، متعدد ممالک سے اوورسیز پاکستانیوں نے کروڑوں کی فنڈزدیئے۔

پی ٹی آئی ملائشیا نے ایک کروڑ سے زائد، نیویارک سے حفیظ چودھری نے ایک کروڑ وزیراعلیٰ پنجاب کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا بتایا۔ اداکار شان نے فنکاروں کے ذریعے فنڈ ریزنگ کیلئے پالیسی بنانے کی درخواست کی۔عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں شوبزشخصیات نے بھی شرکت کی، اداکارہ عتیقہ اوڈھو ، حمزہ عباسی، ابرار الحق کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی شریک ہوئے۔

امریکا سے ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے 10 لاکھ ڈالرز عطیہ کئے۔ کراچی میں ایک شخص نے نام بتائے بغیر 70 لاکھ روپے، ایک اور شخص نے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی کی ویب سائٹ فلڈ ریلیف 2022 پر ساڑھے تین لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم ایک گروپ نے تین کمروں کے گھر بنا کر دینے کی پیشکش کی ہے۔

سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اس موقع پر کہا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہو رہے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے پورا پاکستان ڈوبا ہوا ہے ۔ ہم نے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا تھا جو پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے ۔ ایسے ہی ہم نے ڈیمز بھی بنانا شروع کر دیئے تھے ۔ ہمارے دور میں دس بڑے ڈیمز کی تعمیر شروع ہو گئی تھی ۔ ڈیمز کے ذریعے ہی سیلاب کی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سیلاب سے پورا ملک متاثر ہوا ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پورا پاکستان ہی مل کر اس امتحان کا سامنے کرے گا ۔ ہمیں بحیثیت قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے ۔ ہمارے نوجوان رضا کار فورس میں شامل ہوں اور متاثرین کی مدد کریں ۔ ایک کنٹرول روم بنا رہے ہیں جس کے ذریعے رضا کاروں کی رہنما ئی کرینگے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا انہوں نے مجھے دہشتگرد بنا دیا ہے لیکن اس کے باوجود وفاق اور سندھ حکومت سے بات کروں گا کہ مل کر اس چیلنج سے مقابلہ کریں۔ٹیلی تھون میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت دیگر نے بھی بذریعہ ٹیلیفون شرکت کی، مولاناطارق جمیل نے ٹیلی تھون کے آخر پر رقت آمیز دعا کروائی۔

Back to top button