بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایک شخص کہتا ہے مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ  ،عدلیہ کو دیکھنا ہوگا،آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری  نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ ایک شخص فوج، پولیس اور خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیتا ہے اور ساتھ کہتا ہے مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ  لہٰذا عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے۔

ترجمان بلاول  ہاؤس کے مطابق سابق صدر آصف زرداری سے سندھ کے وزرا نے ملاقات کی جس میں صوبے میں بارشوں کی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔

آصف زرداری نے کہا کہ چاروں صوبوں میں بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے اور  چاروں صوبوں میں متاثرین کی نگاہیں ہماری طرف ہیں لہٰذا سب کو سیاست چھوڑکرصرف متاثرین کی طرف توجہ دینی چاہیے۔

سابق صدر  نے کہا کہ ملک میں ایک شخص کا دن بہ دن اقتدار کا نشہ اسے پاگل کررہا ہے،  یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے، فوج کے افسران اور سپاہی دہشت گردوں سے جنگ لڑرہے ہیں جس میں وہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج، پولیس اور خاتون مجسٹریٹ کو یہ شخص دھمکیاں دیتا ہے، یہ شخص ساتھ کہتا ہے مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ، عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ یہ میرے، نواز شریف اور   مریم بیٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرسکتا ہے، یہ شخص کیا خود ہر قانون کو روند سکتا ہے؟ اداروں اورحکومت کواپنی رٹ قائم کرنی پڑے گی۔

Back to top button