بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بحرینی کمپنیوں کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت بھاری سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کو ایشیا کا صنعتی مرکز بنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات رات بحرینی کمپنیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے رائل نووا پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین شیخ خالدمحمدسلمان الخلیفہ کی قیادت میں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پروزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ بحرینی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں۔ملاقات کے دوران سرمایہ کاری بورڈ نے بحرینی وفد کو صحت، سیاحت، ہوٹل کی صنعت، ہاسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک اور زراعت سمیت پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وفدکوبتایاگیاکہ پاکستان اپنے تذویراتی محل وقوع، نوجوان آبادی، ہنرمندافرادی قوت، قدرتی وسائل سے مالامال اورکاروباردوست ماحول کی وجہ سے خطے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک مثالی ملک ہے۔وفدنے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے موجودہ مواقع سے فائدہ اٹھانے کے عزم کااعادہ کیا اور ہوٹل اورہائوسنگ کے شعبے میں اگلے چھ ماہ کے دوران سرمایہ کاری کرنے کاعندیہ دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے زراعت ،فشریزاورتعمیراتی شعبوں میں بھی گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

Back to top button