بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان نے اتوار کی شب مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کی کال دیدی

سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے اور ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف اتوار کی شب 9 بجے ملک گیر احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف اسی طرح سے آرام سے بیٹھے رہے تو مہنگائی مزید بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ سازش کا پتہ چلنے پر میں نے ʼنیوٹرلز کو بتایا کہ اس کو روکیں ورنہ ملک کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے‘ شوکت ترین کو کہا کہ ان کو سمجھائیں یہاں پر نیوٹرل رہنے کا وقت نہیں، تگڑا شو کرنے والا ہوں مگر بتاؤں گا نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم نے اسٹینڈ نہیں لیا تو کوئی وزیراعظم آزاد خارجہ پالیسی نہیں بناسکے گا، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے تیس فیصد مہنگائی بڑھے گی، غریب پس جائے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جتنا امریکیوں کے سامنے جھکیں گے وہ اتنا ڈومور کہیں گے اور اگر اپنے ملکی مفادات کے لیے اسٹینڈ لیں گے تو وہ آپ کی عزت کریں گے، آپ ان کے جوتے صاف کریں گے تو وہ حقارت سے دیکھیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو ہمارے سفیر کو کہا گیا کہ میں روس کیوں گیا‘اچانک ہمارے اتحادیوں کو خیال آیا کہ یہ حکومت تو بہت بری ہے‘ صوبائی وزیر خیبر پختونخوا عاطف خان سے بھی ملاقات میں کہا گیا کہ کیا محمود خان کے خلاف عدم اعتماد ہوسکتی ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ تگڑا شو کرنے والا ہوں لیکن ابھی نہیں بتاؤں گا کہ کیا کرنے والا ہوں۔ دریں اثناء اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اتوار کی رات 9 بجے ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا کہ کیا ہمیں یہ سب چپ کرکے برداشت کرنا چاہیے یا اس کے خلاف اپنی آواز اٹھانی چاہیے۔

Back to top button