بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بلوچستان بلدیاتی انتخابات،عوام نے سیاسی پارٹیوں کو مسترد کردیا،آزاد امیدوار بڑی تعداد میں کامیاب

بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے پارٹیوں‌ کی سیاست پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، آزاد امیدواروں نے بلدیاتی انتخابات میں 1222 نشستیں جیت کر پارٹیوں سے نالاں عوام کی رائے ظاہر کر دی۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پارٹیوں میں جمعیت علمائے اسلام سب سے آگے ہے، تاہم آزاد امیدواروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے جے یو آئی بھی بہت ہی پیچھے دکھائی دیتی ہے۔

گزشتہ روز بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی، ووٹنگ میں شہریوں نے بھرپور دل چسپی لی اور خواتین نے بھی بڑی تعداد میں ووٹ کا حق استعمال کیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔

اب تک آزاد امیدواروں نے 1222 نشستیں حاصل کی ہیں، جمعیت علمائے اسلام 260 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر، صوبے کی حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی 141 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشتونخوا میپ 94 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر موجود ہے، نیشنل پارٹی 64، بی این پی مینگل 54 نشستوں پر کامیاب ہوئی، غیر متوقع طور پر پیپلز پارٹی نے 47 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، پی ٹی آئی نے 20، عوامی نیشنل پارٹی 19، جمہوری وطن 17، اور مسلم لیگ ن نے 15 نشستیں حاصل کیں، جب کہ مکران میں حق دو پارٹی کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔

Back to top button