بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کا سیف سٹی کا دورہ،شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کا سیف سٹی کا دورہ۔ سیف سٹی کو لاء اینڈ آرڈر صورتحال کے دوران اور جرائم کے سدباب اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لئے مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، ٹیکنیکل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 15 ہیلپ لائن، ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور جینڈر پروٹیکشن یونٹ کی ہیلپ لائن 1815 کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز سیف سٹی رائے مظہر اور ڈائریکٹر آئی ٹی سلیم رضا شیخ نے آئی جی اسلام آباد کو بریفنگ دی۔ اس کے بعد ڈی آئی جی سکیورٹی عرفان بلوچ، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ، ایس ایس پی سکیورٹی علی اکبر شاہ، ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹرسید مصطفی تنویر، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر، ڈائریکٹر آپریشنز سیف سٹی رائے مظہر اقبال کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔ایس ایس پی آپریشنز نے متوقع سیاسی ریلی کے انتظام اور نگرانی کے بارے میں نئی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

ڈی آئی جی آپریشن اور ڈی آئی جی سیکورٹی نے ریڈ زون کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔سیف سٹی اسلام آباد کو مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔تمام کال سینٹر کو ایک 15 سنٹر سے منسلک کیا جائے گا۔ 2000مزید کیمرے لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ سیف سٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، لاء اینڈ آرڈر صورتحال کے دوران سیف سٹی کو مزید موثر بنایا جائے جبکہ جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کو ٹریس کرنے اور ان کو گرفتار کرنے کے لئے سیف سٹی کو مزید ایکٹو کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی کے ذریعے ٹریفک کے فلو کو برقرار رکھنے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو بھی روکنے کے لئے ایک بہترین ذریعہ ہے، مختلف ہیلپ لائنز پر تعینات عملے کو مزید ایکٹو کیا جائے تاکہ کسی بھی شکایت، ایمرجنسی کال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی جاسکے

Back to top button