بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بلقیس ایدھی کی نمازِ جنازہ میمن مسجد میں ادا

سماجی کارکن اور لاکھوں بچوں کی ماں بلقیس ایدھی کی نمازِ  جنازہ میمن مسجد میں ادا کر دی گئی ہے۔

بلقیس ایدھی کی نمازِ جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور وزیر اطلاعات سعید غنی سمیت تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ آئی جی سندھ مشتاق مہر، رہنما پی پی وقار مہدی اور منظوروسان بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بلقیس ایدھی کےانتقال پر سندھ حکومت ایک دن کا سوگ منا رہی ہے، مرحومہ کی تدفین سرکاری اعزازکے ساتھ کی جائے گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بلقیس ایدھی کی انسانیت کےلیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

نماز جنازہ کے بعد سندھ پولیس کی جانب سے بلقیس ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے نامور فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی شریک سربراہ بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج چل بسیں، جہاں وہ ایک ماہ سے زیر علاج تھیں۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں، رمضان سے 2 دن پہلے انہیں دل کا دورہ بھی پڑا تھا، اس کے بعد سے وہ اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

Back to top button