بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ  اسلام آباد میں اپنی منزل ڈی چوک پہنچ کر اختتام پذیر

وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ لینے کیلئے کراچی سے نکلا پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ  اسلام آباد میں اپنی منزل ڈی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

قافلہ ڈی چوک پہنچا تو وہاں ایک جلسہ کیا گیا جس میں آصف زرداری، بلاول، ن لیگ کا وفد اور دیگر سیاسی رہنما شریک ہوئے۔

اس موقع پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب بھی کیا۔ مرکزی رہنماؤں کے خطاب کےبعد  جلسے کے منتظمین نے عوامی مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا اور شرکا ء گھروں کو واپس روانہ ہوگئے۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ڈی چوک پہنچا۔ ڈی چوک پر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ لاکھوں کا یہ سمندر ، قوم کا ترجمان ہے ، لاکھوں کا سمندر عمران خان سے اقتدار چھیننے کیلئے اسلام آباد پہنچا ہے۔

علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا غیر ملکی سازش کا بیان ان کی مایوس ذہنیت کا مظہر ہے ، ان کے پاس اب اپنی نااہلی کے جواز میں کرنے کو کوئی بات نہیں بچی ہے، اب ان کی جماعت ایک غیر جمہوری شخص سے جمہوری انتقام لے گی۔

قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے عوامی مارچ کے قافلے کو اسلام آباد پولیس نے ٹی چوک پر روک لیا تھا جس کے بعد بلاول بھٹو بھی راستے میں رک گئے تھے۔

Back to top button