بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے شہر تربت میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس آپریشن میں 2 کمانڈروں سمیت 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے تربت کے علاقے گور چوپ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو کمانڈروں حاصل ڈوڈا اور واشدل سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی۔اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد مکران ڈویژن میں حالیہ فائرنگ اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کا اہم ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گرد کارروائیاں کرنے والوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

26 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا۔

Back to top button