بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مری واقعہ، موبائل کمپنیوں نے صارفین کیلئے مفت کالز کا اعلان کردیا

مری میں 8 جنوری کو کلنڈنہ اور جھیکا گلی کے قریب شدید برف کے باعث سڑک پر گاڑیوں میں محصور ہو کر سردی اور دم گھٹنے سے 22 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

اس سانحے پر ملک میں کام کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں نے مفت کالز کے مختلف اعلانات کیے ہیں تاکہ ان سروسز کے صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو بلکہ وہ اپنے پیاروں سے رابطے میں رہ سکیں

ان کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو اس مشکل وقت میں کیا سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ان کے بارے میں جانیں۔

جاز

جاز کو ملک میں سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی تصور کیا جاتا ہے اور مری میں قدرتی آفت کو دیکھتے ہوئے اس نے ایک اہم اعلان کیا۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کمپنی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں مری اور نتھیا گلی میں جاز سے جاز کالز کو مفت کیا جارہا ہے۔

کمپنی کے مطابق مشکل حالات کے باوجود نیٹ ورک کو متاثرہ علاقوں میں کام جاری رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ٹیلی نار

اس کمپنی کی جانب سے مشکل وقت میں مری اور نتھیا گلی مین موجود افراد کے لیے اپنے پیاروں سے رابطے کے لیے مفت ٹیلی نار سے ٹیلی نار کالز کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

اس بات کا اعلان ٹیلی کام کمپنی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کیا جس کے مطابق یہ سہولت 9 جنوری یعنی اتوار کو دستیاب ہوگی۔

یوفون

یوفون کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر اسی طرح کا اعلان کیا گیا۔

ٹوئٹ میں کمپنی نے بتایا کہ مری، نتھیا گلی اور مضافات میں مشکل کے شکار یوفون صارفین *4357# ڈائل کرکے مفت یوفون اور پی ٹی سی ایل منٹس حاصل کرسکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس کا مقصد لوگوں کو پیاروں سے رابطے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

زونگ

کمپنی نے 3 دن کے لیے 100 مفت منٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق یہ سہولت مری اور نتھیا گلی کے علاقوں میں موجود افراد کے لیے 3 دن تک برقرار رہے گی اور متاثرہ افراد کو خاندانوں سے رابطے کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

Back to top button