بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی فنڈنگ انکشافات پر بحث کیلئے اپوزیشن اراکین کی تحریک التوا

حزب اختلاف کے 11 سینیٹرز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی اسکروٹنی کمیٹی کی جانب سے حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق انکشافات پر بحث کے لیے تحریک التوا جمع کرادی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے میڈیا کو  بتایا کہ اس معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی بھیج دیا گیا ہے۔

مذکورہ نوٹس میں اس معاملے کو سینیٹ میں فوری بحث کے لیے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

مذکورہ نوٹس پر ہدایت اللہ (عوامی نیشنل پارٹی)، طاہر بزنجو (نیشنل پارٹی)، عرفان صدیقی، رانا مقبول اور ڈاکٹر افنان اللہ خان (مسلم لیگ ن)، رخسانہ زبیری اور پلوشہ خان (پاکستان پیپلز پارٹی)، ساجد میر (جمعیت اہل حدیث)، نوٹس پر سردار شفیق ترین (پختونخوا ملی عوامی پارٹی)، مولانا فیض محمد (جمعیت علمائے اسلام-ف) اور مشتاق احمد (جماعت اسلامی) نے دستخط کیے ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اپنے فنڈز میں شفافیت کا دعویٰ اس انکشاف کے ساتھ بے نقاب ہوگیا کہ اس نے نہ صرف اپنے بینک اکاؤنٹس چھپائے، اپنی آمدنی کم ظاہر کی بلکہ غیر ملکی کمپنیوں اور شہریوں سمیت ممنوعہ ذرائع سے بھی عطیات وصول کیے۔

تاہم اس معاملے کو پیر ہونے والے سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا جو پرائیویٹ اراکین کے لیے مختص ہے۔

ایجنڈے کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم منی بجٹ پر بحث کے لیے معمول کی کارروائیاں معطل کرنے کی تحریک پیش کریں گے۔

Back to top button