بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کل ہونگے

صوبہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے۔

خیبر پختونخوا کے 17اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے میدان سج گیا جبکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔

پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ 

مرد ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ 15 ہزار 767 جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 56 لاکھ 53 ہزار 95 ہے۔

مجموعی طور پر سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کیلئے 689 امیدواروں، ویلج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 19 ہزار 285، خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 870، مزدورکسان کی نشستوں کیلئے 7 ہزار 428 ، یوتھ نشستوں پر 6 ہزار 11 اور اقلیتی نشتوں پر 293 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہو رہا ہے۔

صوبے میں کل 9 ہزار 223 پولنگ اسٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں 4188 پولنگ اسٹیشن حساس اور 2507 زیادہ حساس قرار دیے گئے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کیلئے 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ ایف سی اور آرمی کے 10 ہزار جوانوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی موجود ہوگی۔

پشاور میں 11 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

Back to top button