بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وفاقی دارالحکومت پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے

دارالحکومت پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کرتے ہوئے پولیس کے 2 ڈپٹی انسپکٹر جنرل سمیت درجنوں افسران کو پنجاب اور گلگت بلتستان میں تعینات کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی اور اسسٹنٹ سپرینٹینڈینٹ کے اسلام آباد سے تبادلے کے صرف 3 روز بعد ہی پولیس سروس کے 2 ڈی آئی جیز، 4 سینئر سپرینٹنڈینٹ پولیس ( ایس ایس پی ) اور 6 سپرینٹنڈینٹ پولیس (ایس پی) کا تبادلہ علیحدہ نوٹیفیکیشن کے ذریعے اسلام آباد پولیس میں کردیاگیا۔

ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق دارالحکومت پولیس کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ درجنوں سینئر افسران کا تبادلہ ایک دن میں کردیا جائے۔

ان کا ماننا ہے کہ اس بے مثال اقدام کا مقصد اسلام آباد میں نئے تعینات ہونے والے چیف پولیس کے قابل اعتماد افسران کو دارالحکومت کی پولیس میں شامل کرنا ہے۔

مذکورہ افسران کے تبادلوں کےلیے اسٹمبلشمنٹ ڈویژن اور کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب علیحدہ اعلامیے جاری کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق سیف سٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سلیم اور ڈی آئی جی (سیکیورٹی) وقار الدین سید کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات بالترتیب وزارت مواصلات اور گلگت بلتستان حکومت کے سپرد کردی گئیں۔

علاوہ ازیں ان افسران کی جگہ ڈی آئی جی جہانزیب خان اور ڈی آئی جی اویس احمد کا تبادلہ بالترتیب پنجاب اور گلگت بلتستان پولیس سے اسلام آباد پولیس میں کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وہ افسران جن کی خدمات خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کی گئی ہیں ان میں ایس ایس پی محمد سلیم، ایس ایس عرفان طارق، ایس پی محمد بلال، اور ایس پی عمر خان شامل ہیں۔

ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز فرخ راشد کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات گلگت بلتستان حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں۔

ایس ایس پی سرفراز خان ورک کو اسٹبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ایس پی ڈاکٹر مصطفیٰ تنویر کا تبادلہ انٹریئر ڈویژن میں کردیا گیا ہے اور انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے میں اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ایس پی نوشیروان علی کا بھی تبادلہ کیا گیا جو اب بلوچستان حکومت کے ماتحت خدمات انجام دیں گے جبکہ ایس محمد سرفراز ورک اور ایس پی عبدالوہاب کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں۔

پنجاب پولیس کے دیگرافسران جن کا تبادلہ دارالحکومت پولیس میں کیا گیا ہے ان میں ایس ایس پی محمد فیصل، ایس پی ریٹائرڈ کیپٹن اقبال، ایس پی ریٹائرڈ لفٹینیٹ کامران عمران خان، ایس پی ضیاالدین، ایس پی تصور اقبال، ایس پی سید علی اور ایس پی فہد احمد شامل ہیں۔

Back to top button