بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سینیٹر اعجاز چوہدری کی سعد رضوی سے ملاقات کو فواد چوہدری نے بیہودہ قرار دیدیا

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی گزشتہ ماہ نومبر میں جیل سے رہائی کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی سے ملاقات اور انہیں پھول پیش کرنے کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بات ہفتے کو ‘آج نیوز کے پروگرام روبرو’ میں توہین مذہب کے الزامات پر سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری مینیجر پریانتھا کمارا کے قتل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سیالکوٹ واقعے کو ٹی ایل پی سے جوڑا گیا تھا لیکن اس گروپ نے اس واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے گھناؤنے واقعے کی مذمت کی تھی۔

پروگرام کے دوران سینیٹر کی کی ٹی ایل پی رہنما سے ملاقات کے حوالے سے سوال پر فواد چوہدری نے اس عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اعجاز چوہدری صاحب کی ٹی ایل پی قیادت سے ملاقات ایک بیہودہ حرکت تھی، انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے گھروں کا دورہ کیوں نہیں کیا؟۔

سینیٹر اعجاز نے گزشتہ ماہ ٹی ایل پی کے سربراہ رضوی سے ‘جذبہ خیر سگالی’ کے طور پر ملاقات کی تھی اور انہیں جیل سے رہائی پر مبارکباد دی تھی، اعجاز کے گلے ملنے اور سعد رضوی کو گلدستہ پیش کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی تھیں۔

Back to top button