بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

چٹاگانگ ٹیسٹ،پاکستان کی پراعتماد بیٹنگ،145رنز بغیر کسی نقصان کے بنا لئے

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کے 330 رنز کے جواب میں پاکستانی اوپنرز نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔چٹاگانگ کے ظہور احمد سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنائے۔قومی ٹیم کے اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے بہترین شراکت داری قائم کرلی ہے اور دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، عبداللہ شفیق نے اپنے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری بنائی۔عبداللہ شفیق 52 اور عابد علی 93 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں جب کہ بنگلہ دیش کو پاکستان پر 185 رنز کی برتری حاصل ہے۔

قبل ازیں بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔تاہم کھیل کے دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے گزشتہ روز سنچری سکور کرنے والے لٹن داس کو ایک رن کے اضافے کے بعد 114 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لٹن داس اور مشفیق الرحیم کے درمیان 206 رنز کی شراکت ہوئی۔اگلے آنے والے بیٹر یاسر علی کو بھی حسن علی نے 4 رنز پر بولڈ کر دیا جبکہ مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ ہو گئے، بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 330 پر آئوٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں حاصل کی، ایک وکٹ ساجد خان کے حصے میں آئی۔کھیل کے پہلے روز بنگلہ دیش نے لٹن داس اور مشفیق الرحیم کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے باعث 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز اسکور کیے تھے۔

Back to top button