بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین فیصل مسجد کے احاطے میں کرنے کا اعلان

وزیرِ اعظم عمران خان نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین اسلام آباد کی فیصل مسجد کے احاطے میں کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خواہش کے مطابق انہیں اسلام آباد کی فیصل مسجد کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی ریاست بنانے میں ان کا مرکزی کردار رہا، جس کی وجہ سے پاکستانی قوم ان سے بے پناہ محبت کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی کوششوں سے پاکستان کو اپنے پڑوس میں موجود بڑی ایٹمی قوت سے تحفظ حاصل ہوا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانیوں کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی ہیرو کی حیثیت رکھتے تھے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

اس سے قبل ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہلِ خانہ کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج 3 بج کر 30 منٹ پر اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ یہ بھی بتایا گیا تھا نمازِ جنازہ کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ایچ ایٹ کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

تاہم اب وزیرِ اعظم عمران خان کے اعلان کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی اسلام آباد کی فیصل مسجد میں آج ساڑھے 3 بجے نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے احاطے میں ہی تدفین کی جائے گی۔

Back to top button