بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جوہری پروگرام کے معمار کی وفات قومی صدمہ ہے،شہباز شریف

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار کی وفات قومی صدمہ ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر حکومت قومی سوگ کا اعلان کرے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کے دفاع اور سلامتی کی ایک قابل فخر تاریخ، جدوجہد کا نام تھے۔

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی زندگی پاکستان سے محبت کی کہانی ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان اور اس کے مفادات کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔

واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل علالت کے باعث اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔

مرحوم کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے اُن کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

مزید پڑھیے  بلوچستان حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات کامیاب
Back to top button