بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کراچی کی ترقی کیلئے وفاق اور سندھ حکومت کو مل کر چلنا ہوگا، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم نے سیاسی مخالف پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کو ساتھ چلنے کی پیشکش کردی، عمران خان کہتے ہیں کہ ٹرانسپورٹ اور پانی کراچی کے بڑے مسائل ہیں ، کراچی کی ترقی کے لیے آگے بڑھتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو مل کر چلنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں جدید کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بڑا دن ہے ، ہم سب جانتے ہیں کراچی 70 کی دہائی میں کیا تھا لیکن بدقسمتی سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا جو نظام ہونا چاہیئے تھا وہ نہیں بنا کیوں کہ کراچی میں انتشار کے بعد اس کی ترقی تیزی سے گرنا شروع ہو گئی ، یہ معیشت کے حوالے سے اہم شہر ہے ، اس کی اہمیت کا پوری طرح اندازہ نہیں لگایا گیا ، کراچی میں پانی دوسرا بڑا مسئلہ ہے ، جس کے حل کے لیے گزشتہ سال کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بنایا۔


وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی پھیلتا جارہا ہے جس کے باعث مسائل بڑھ جاتے ہیں ، لاہور بھی پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے شہروں پر دباو بڑھ جاتاہے اور وسائل کم ہوجاتے ہیں ، کراچی کے مسائل بروقت حل نہ کیے گئے تو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا ، کراچی کی ترقی کے لیے بنیادی انفرااسٹرکچر کی ضرورت ہے ، ٹرانسپورٹ کی سہولت بنیادی انفرا اسٹرکچر کا اہم جزو ہے ، کراچی سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں کے لیے منصوبہ بندی کرناہوگی ، کراچی کے مسائل کے حل کےلیے وفاقی حکومت پرعزم ہے ،امید ہے سندھ حکومت بھی کراچی کے لیے بھرپور کام کر ے گی کیوں کہ ہمیں سندھ کی ترقی کے لیے آگے بڑھنا اور ساتھ چلنا ہوگا۔

Back to top button