بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کرکٹ کو ایسا بنایا گیا ہے کہ جیسے یہ دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے انگلینڈ کی جانب سے بھی دورہ پاکستان ختم کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کرکٹ کو ایسا بنادیا گیا ہے کہ یہ ہی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوابوں کی دنیا میں نہیں رہنا چاہیے، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے جانے کے بعد واضح ہوگیا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی نہیں آئے گی۔

اس سے قبل بھی شیخ رشید نے لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر کڑی تنقید کی تھی۔

ان کا ایک بیان بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے جس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے پاس اتنی فورسز نہیں جتنی انہیں پاکستان نے سکیورٹی فراہم کی تھی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی تھی اور گزشتہ شب انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے منع کردیا ہے۔

Back to top button