بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

اے کیٹیگری میں شامل کرکٹرز معاوضے میں اضافے کے خواہاں

اے کیٹگری میں اس وقت کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں

سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کرکٹرز میچ فیس میں اضافے کروانے کے خواہاں ہیں، اس حوالے سے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان تک زبانی درخواست پہنچا دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جولائی میں سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا جس میں 20 کھلاڑیوں کو 4 کیٹیگریز میں جگہ دی گئی، اے کیٹگری میں اس وقت کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں

جن کی ماہانہ تنخواہ میں تو 25 فیصد اضافہ ہوا مگر ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی میچ فیس نہیں بڑھائی گئی جب کہ اس کے برعکس بی کیٹیگری کی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافے کے ساتھ ٹیسٹ میچ فیس میں 15، ون ڈے میں 20 اور ٹی ٹونٹی میں 25 فیصد اضافہ ہوا، سی کیٹیگری کی بھی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ ہوا ، ان کی ٹیسٹ میچ فیس 34 فیصد، ون ڈے 50 جب کہ ٹی ٹونٹی فیس 67 فیصد بڑھی ۔

ایمرجنگ کیٹیگری کی ماہانہ تنخواہ 15فیصد جبکہ ٹیسٹ میچ فیس 34 فیصد، ون ڈے 50 اور ٹی ٹونٹی فیس 67 فیصد تک بڑھ گئی، یوں اب تمام کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کی میچ فیس یکساں ہو چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اے کیٹیگری میں شامل کرکٹرز میچ فیس نہ بڑھائے جانے پر ناخوش ہیں اور انھوں نے دبے لفظوں میں اس حوالے سے احتجاج بھی کیا ہے ۔

ایک سینئر کرکٹر نے گذشتہ روز پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان سے بھی بات کرکے میچ فیس میں اضافے کی درخواست کی البتہ کوئی یقین دہانی نہیں مل سکی ہے، کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ بورڈ ان کی جائز درخواست مسترد نہیں کرے گا۔ پی سی بی ترجمان نے رابطہ کیے جانے پر موقف اختیار کیا کہ کسی کھلاڑی نے بھی معاوضے کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی ہے۔

مزید پڑھیے  حسن علی کی تصویر پر کپتان بابر اعظم کا مزاحیہ تبصرہ
Back to top button