بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ارشد ندیم کیلئے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے بڑے انعام کا اعلان

ارشد ندیم جس محنت، لگن اور جانفشانی سے اس کھیل میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں اور پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کررہے ہیں،چانسلر

ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے والے فخر پاکستان ارشد ندیم کے لیے سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی نے گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے فخر پاکستان ارشد ندیم کی ایتھلیٹکس کے ایونٹ جیویلین تھرو میں گراں قدر خدمات پر انہیں خالص سونے سے بنا گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔

جامعہ کے چانسلر کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم جس محنت، لگن اور جانفشانی سے اس کھیل میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں اور پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کررہے ہیں ان کے جوش اور ولولے کو سرسید یونیورسٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 

ٹوکیو اولمپکس کے فائنل میں رسائی بھی ان کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ پوری قوم کی طرح ہماری بھی دعائیں ارشد ندیم کیساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کو پوری امید ہے کہ وہ پاکستان کیلئے جیویلین تھرو میں ضرور میڈل حاصل کریں گے، رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ اولمپکس کے بعد سرسید یونیورسٹی میں ارشد ندیم کیلئے تقریب پذیرائی منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں انہیں پورے اعزاز کے ساتھ گولڈ میڈل اور نقد انعام دیا جائے گا۔

سرسید یونیورسٹی نصابی سرگرمیوں کیساتھ غیرنصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اپنی الگ شناخت رکھتی ہے، سر سید یونیورسٹی نے پاکستانی ہاکی ٹیم کو اولمپیئینز بھی دیئے ہیں جبکہ جامعات کے درمیان کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں بھی سر سید یونیورسٹی نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی میں ہر سال باقاعدگی سے اسپورٹس گالا منعقد کیا جاتا ہے جس میں 12 سے زائد شعبہ جات شرکت کرتے ہیں اور مختلف کھیلوں میں نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سر سید یونیورسٹی نے ماضی میں بھی نمایاں کارکردگی پر قومی ایتھلیٹس کی پذیرائی کی اور مستقبل میں بھی اسی طرح انہیں سراہتے رہیں گے۔

Back to top button