بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نذیر چوہان کی رہائی کی روبکار جاری

شہزاد اکبر کے نمائندے ہارون الیاس نے عدالت میں بیان دیا کہ شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کو معاف کر دیا ہے، نذیر چوہان کی ضمانت پر شہزاد اکبر کو کوئی اعتراض نہیں

لاہور کی عدالت نے حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نذیر چوہان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی۔

اس سے قبل آج صبح سائبر کرائم کیس میں لاہور کی سیشن کورٹ نے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کی تھی۔

عدالت نے حکم دیا تھا کہ نذیر چوہان 1 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں، جس کے بعد ان کے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیئے گئے۔

ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج راشد پھلروان نے ایم پی اے نذیر چوہان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ احتساب شہزاد اکبر نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروانے کیلئے اٹارنی مقرر کر دیا۔

شہزاد اکبر نے ایڈووکیٹ ہارون الیاس کو اٹارنی مقرر کیا تھا جنہوں نے شہزاد اکبر کہ جگہ عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا۔

شہزاد اکبر کے نمائندے ہارون الیاس نے عدالت میں بیان دیا کہ شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کو معاف کر دیا ہے، نذیر چوہان کی ضمانت پر شہزاد اکبر کو کوئی اعتراض نہیں۔

واضح رہے کہ عدالت نے شہزاد اکبر کو خود عدالت میں پیش ہونے یا اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Back to top button