بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13ویں وزیراعظم منتخب

عبدالقیوم نیازی نے وزارت عظمیٰ کے لیے 33 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مقدم مقابل متحدہ اپوزیشن کے چوہدری لطیف اکبر کو 15 ووٹ ملے

عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق نومنتخب اسپیکر چوہدری انوار الحق کی صدارت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ تحریک انصاف کے عبدالقیوم نیازی نے وزارت عظمیٰ کے لیے 33 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مقدم مقابل متحدہ اپوزیشن کے چوہدری لطیف اکبر کو 15 ووٹ ملے۔

آج وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کیا تھا جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کی۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے نومنتخب ایم ایل ائے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کے لیی27 ووٹ درکار ہیں، تین مزید نشستوں پر کامیابی کے بعد پی ٹی آئی 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے

Back to top button