بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

آزاد کشمیر الیکشن، پشاور کے پولنگ سٹیشن پر بجلی کی بندش پر ہاتھا پائی

پولنگ عملے اور اسکول پرنسپل کے درمیان صلح کروا دی گئی جس کے بعد پولنگ کاعمل دوبارہ شروع ہو گیا

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات کی ووٹنگ کے دوران پشاور میں قائم پولنگ اسٹیشن کے عملے نے کام سے انکار کر دیا۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی پولنگ کا عمل جاری ہے اور اسی سلسلے میں پشاور میں بھی حلقہ ایل اے 39 جموں 6 پر پولنگ کے لیے گورنمنٹ شہید حسنین علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔

گورنمنٹ شہید حسنین علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر اور اسکول پرنسپل کے درمیان بجلی کی بندش پر ہاتھا پائی ہو گئی۔

پریزائیڈنگ افسر نے بجلی بند ہونے کی شکایت کی تھی، اسکول پرنسپل پریزائیڈنگ افسر کی شکایت پر نالاں ہو کر ان سے دست و گریباں ہو گئے۔

پریزائیڈنگ افسر اور پولنگ عملے نے اسکول پرنسپل کے رویے کے خلاف احتجاجاً ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیا جس کے باعث حلقہ ایل اے 39 جموں 6 پر پولنگ کا عمل رک گیا۔

بعدازاں پولنگ عملے اور اسکول پرنسپل کے درمیان صلح کروا دی گئی جس کے بعد پولنگ کاعمل دوبارہ شروع ہو گیا۔

Back to top button