بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عوام ایکسپریس حادثے سے بچ گئی

علاقہ مکینوں نے کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس ٹرین کو روک کر حادثے سے بچایا

کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان مین ریلوے لائن ایک مقام پر ٹوٹ گئی جس کے باعث عوام ایکسپریس حادثے سے بچ گئی۔

کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان اپ ٹریک کی پٹری ایک مقام پر ٹوٹ گئی، علاقہ مکینوں نے کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس ٹرین کو روک کر حادثے سے بچایا۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس نے کوٹری عبور کیا تو اچانک ریلوے ٹریک پر علاقہ مکینوں نے کھڑے ہوکر ٹرین ڈرائیور کو خطرے سے آگاہ کرنا شروع کردیا جس پر ڈرائیور نے ٹرین کو روک لیا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین ڈرائیور نے لوگوں کی نشاندہی پر ریل کے مین اپ ٹریک کو دیکھا تو پٹری ایک جگہ سے ٹوٹی ہوئی تھی، ڈرائیور نے ٹوٹی ہوئی پٹری کی تصاویر بنائیں اور متعلقہ ریلوے حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ ہدایت ملنے پر ٹرین ڈرائیور نے عوام ایکسپریس کو بہت کم رفتار سے اس مقام سے گزارا۔

ذرائع کے مطابق ٹوٹی ہوئی پٹری کی تاحال مرمت شروع نہیں کی جاسکی تاہم کراچی سے اندرون ملک جانے والی دیگر ٹرینوں کو اس مقام پر رک کر کم رفتار سے گزرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی ایکسپریس بھی اسی طرح ٹوٹی ہوئی پٹری کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی تھی۔

Back to top button