بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ایرانی ہیکروں کا اسرائیلی فیشن چین کے کمپیوٹر سسٹم پرسائبر حملہ

مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسرائیلی ایچ اینڈ ایم کے 110 گیگا بائٹ ڈیٹا کو شائع کرسکتے ہیں،ہیکرزکی دھمکی

اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ایرانی ہیکرز نے اسرائیل کے ایک مشہور فیشن اور ملبوسات برانڈ ایچ اینڈ ایم کے کمپیوٹر سسٹم پر سائبر حملہ کرنے کے بعد دھمکی دی ہے کہ وہ اسرائیلی ملبوسات چین کے صارفین کا ڈیٹا افشا کر دیں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی گروپ نے خبردار کیا کہ اگر ان کے غیراعلانیہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اسرائیلی ایچ اینڈ ایم کے تقریبا 110 گیگا بائٹ ڈیٹا کو شائع کرسکتے ہیں۔ اسی طرح کے سائبر حملوں میں ویرٹاس لاجسٹک سمیت دیگر کئی اسرائیلی کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک کیس میں ہیکروں نے تین بٹکوینز کا مطالبہ کیا۔ ان کی مالیت ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔سائبرسیکیوریٹی کے ماہرین کا خیال ہے کہ ایرانی ہیکر گروپ پے ٹو کی سے وابستہ ہے۔ اس نے ماضی میں اسرائیلی ہوا بازی کی صنعت اور اسرائیلی سائبر سکیورٹی کمپنی بورنوکس پر حملہ کرنے کا دعوی کیا تھا۔سائبرسیکیوریٹی فرم چیک پوائنٹ نے گذشتہ نومبر میں اسرائیلی کمپنیوں پر ہیکر حملوں کے سلسلے کے بعد پے ٹو کی کی سرگرمی سے خبردار کیا تھا۔

Back to top button