بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان کو جی ٹوئنٹی ممالک سے 80 سے 90 کروڑ ڈالرز کا ریلیف مل گیا

جی ٹوئنٹی ممالک کی جانب سے کم آمدن والے ممالک کے قرضے مؤخر کردیئے گئے ہیں جس کے تحت پاکستان کو جی ٹوئنٹی ممالک سے 80 سے 90 کروڑ ڈالرز کا ریلیف مل گیا ہے۔ جی20 کی جانب سے پاکستان سے متعلق جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف 650 ارب ڈالرز کے پیکیج سے متعلق واضح تجاویز دے اور ورلڈ بینک اور آئی ڈی اے مشترکہ فریم ورک پر عمل درآمد کی معاونت کریں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے قرضے جولائی سے دسمبر 2021ء تک مؤخر کیے گئے ہیں۔جی ٹوئنٹی ملکوں کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس اور معیشت سے متعلق ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کی کئی معیشتوں کو کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے ۔

جی 20 کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کم آمدن والے ممالک کے قرضے چھ ماہ کے لیے مؤخر کردیئے گئے ہیں جبکہ متعدد ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی شروع ہوچکی ہے ۔

جی 20 کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے بعد معیشت کی بحالی کا عمل جاری ہے، جی ٹوئنٹی ممالک معیشت کی مکمل بحالی میں معاونت فراہم کریں گے۔

Back to top button