بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کو مالی وسائل کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہاؤسنگ، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبوں کو مالی وسائل کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دُور کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت کے لیے ایس ایم ای پورٹل اگلے ماہ کے آخر تک فعال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی اور لیٹرز آف کریڈٹ سمیت کاروباری سہولیات کی تازہ ترین صورتحال کی براہِ راست نگرانی ممکن ہوگی۔

اجلاس میں قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے نیشنل بینک آف پاکستان اور فرسٹ ویمن بینک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے دوسرے صوبوں کو بھی ہدایت کی کہ بینکوں کیلئے ہاؤسنگ فنانس کی فراہمی آسان بنانے کے لیے پنجاب کی طرز پر اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے بینکوں کے لیے ہاؤسنگ قرضوں کی فراہمی میں آسانی اور مزید شفافیت آئے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت اب تک چار سو چھبیس ارب روپے مالیت کے تقریباً اکہتر ہزار چھ سو قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ تیرہ ہزار دو سو افراد سے زائد کو چھہتر ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں۔

رواں سال ایک لاکھ پچیس ہزار رہائشی یونٹس کے لیے سات سو ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے قرضوں کا مجموعی حجم ایک ہزار تین سو باون ارب روپے ہے جس سے چونتیس لاکھ پچپن ہزار افراد مستفید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button