بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان، پولینڈ کا دوطرفہ تعلقات کو کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور پولینڈ کی تاریخی دوستی کو طویل المدتی، مضبوط اور کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور کوآرڈینیٹر برائے خصوصی خدمات ٹوماش شیمونیاک سے گفتگو کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پولینڈ کے ساتھ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ روابط کا جائزہ لیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطح قیادت کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

انہوں نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فریقین نے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button