
صومالیہ آپریشن میں پانچ افراد کی ہلاکت پر پاکستان کا اظہارِ تعزیت
پاکستان نے صومالیہ کے ساحل کے قریب اغوا کیے گئے بحری جہاز MT Honour 25 کی بازیابی کے آپریشن کے دوران عملے کے پانچ ارکان کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانی شہری، رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت اور عوام پاکستان جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا کرتے ہیں۔
آپریشن کے دوران عملے کے چار ارکان زخمی بھی ہوئے، جن میں تین پاکستانی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
MT Honour 25 کے دیگر زندہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا پہنچا دیا گیا ہے۔
جبکہ جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہو رہی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان، اپنے مشن اور متعلقہ اداروں کے ذریعے صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے اور زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی، جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان منتقل کرنے اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی عملے کی بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔















