
حکومت قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو آگے بڑھا رہی ہے، احد چیمہ
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہا کہ حکومت قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو آگے بڑھا رہی ہے، تاکہ تمام شعبوں میں ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور عوامی خدمات بہتر بنائی جا سکیں۔
وہ آج اسلام آباد میں پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
احد چیمہ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تبدیلی سے حکومتی امور میں قابلِ پیمائش نتائج سامنے آنے چاہئیں اور ہر شعبے کی ترقی میں مدد ملنی چاہیے۔
تعلیم کے شعبے میں وفاقی وزیر نے تعلیمی اداروں کے ذریعے جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتیں سکھانے کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پرائمری اور مڈل جماعتوں کے طلبہ سمیت نئی نسل کو باقاعدہ تعلیمی نظام کے تحت مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں سکھائی جائیں اور اس مقصد کے لیے جدید علم اور تدریسی طریقوں سے استفادہ کیا جائے۔
صحت کے شعبے میں اجلاس کے دوران مریضوں کے یکساں ڈیجیٹل ریکارڈ اور رجسٹری کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی، تاکہ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مریضوں کی طبی تاریخ اور علاج کا ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے۔















