
پاکستان، ازبکستان کا معاشی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور موجودہ معاہدوں کو واضح مدت اور مالی معاونت کے انتظامات کے ساتھ ٹھوس منصوبوں میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج منگولیا کے شہر اولان باتر میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری، صنعت و تجارت کے نائب وزیر الزت کاسی موف کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں طے پایا۔
ملاقات میں علاقائی رابطوں، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی مالی معاونت کے حصول سمیت بالخصوص ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کو سیاسی مفاہمت کو قابلِ عمل منصوبوں اور ٹھوس معاشی نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبہ وسطی ایشیا کی منڈیوں کو پاکستان کی بندرگاہوں سے ملانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔















