
قومی
وزیراعلیٰ پنجاب کی واٹر فلٹریشن منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور میں صاف پینے کے پانی کے منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام اضلاع میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
مریم نواز شریف نے 700 سے زائد غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے صوبائی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور ان کے متعلقہ حلقوں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے ارکانِ اسمبلی کو عوام سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔















