
وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کی عکاسی ہے، جبکہ پالیسی کے تحت اقدامات کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔
انہوں نے نوجوانوں، بالخصوص خواتین، کے لیے روزگار کے نئے مواقع میں شمولیت یقینی بنانے کے لیے انہیں ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کی ہنر مند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک کاروباری اور صنعتی طلب سے ہم آہنگ کرنے کے لیے NAVTTC اور SMEDA میں ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن افرادی قوت کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبانوں میں مہارت کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کے لیے مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اندرون اور بیرون ملک روزگار کے مواقع کی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام وزارتیں اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مشاورت سے کام کر رہے ہیں۔
تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز بھی قائم کیے جا رہے ہیں، جو نوجوانوں کی رہنمائی اور کیریئر کاؤنسلنگ کے ساتھ انہیں روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے آگاہ کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔















