
دانیال چوہدری نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے اہم سفارتی و دفاعی سنگِ میل قرار دیدیا
پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک بڑا سفارتی اور دفاعی سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں دانیال چوہدری نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان اتحاد، اعتماد اور اجتماعی سلامتی کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے، جس سے خطے میں امن اور استحکام کے لیے نئے راستے کھلیں گے۔
پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی محنت، خلوص اور مثالی قیادت نے اس تاریخی دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دانیال چوہدری کے مطابق معاہدے کے تحت تینوں رکن ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ کوئی بھی رکن ملک مشکل وقت میں تنہا نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی مضبوط معیشت و قیادت، ترکیہ کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی تجربہ کار مسلح افواج مل کر امن و سلامتی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گی۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے مثبت اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ دنیا بھر میں امن، اعتماد اور باہمی تعاون کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔















