
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ امن کے مشترکہ عزم میں متحد ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تین برادر ممالک ہیں جو ایمان، دوستی اور امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اپنے عزیز بھائیوں، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
انہوں نے دعا کی کہ حرمین شریفین کے سائے میں طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن کا محافظ ثابت ہو اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا ذریعہ بنے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت، غیر معمولی لگن اور اس عظیم مقصد کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مسلسل کاوشوں نے اس اہم پیش رفت میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔















