
احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں نیشنل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری مون سون کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ملک میں مون سون بارشوں کی تازہ صورتحال، موسمی پیش گوئی، جانی و مالی نقصانات، جاری ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں اور مجموعی قومی ردعمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے اور موسمی خطرات کے ممکنہ اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے احتیاطی اقدامات بروقت نافذ کیے جائیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو متوقع بارشوں اور اس سے وابستہ خطرات کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ ضلعی سطح پر بروقت تیاری اور فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ رواں مون سون سیزن کے دوران زیادہ تر اموات کمزور ڈھانچوں کے گرنے اور ناقص تعمیرات کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوئیں، جس سے محفوظ تعمیراتی اصولوں پر عملدرآمد اور عوامی آگاہی بڑھانے کی ضرورت اجاگر ہوئی۔
اجلاس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ، مسلح افواج، ریسکیو سروسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی متاثرہ علاقوں میں مربوط اور مؤثر امدادی کارروائیوں کو سراہا گیا۔















