بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

رائٹ سائزنگ اقدامات پر عملدرآمد تیز کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو حکومت کے رائٹ سائزنگ اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی اور انتظامی استعداد کو بہتر بنانا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ اور ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ملازمین کی بہتر تربیت کے ذریعے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ضروری آسامیوں اور عہدوں کا خاتمہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن، پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) اور پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کو بند کیا جا چکا ہے، جس سے قومی خزانے پر مالی بوجھ میں کمی آئی ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت ختم کی جانے والی آسامیوں اور بند کیے گئے اداروں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے تاکہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے رائٹ سائزنگ کمیٹی کو بھی ہدایت دی کہ وہ اپنی باقی ماندہ سفارشات ایک ماہ کے اندر حتمی شکل دے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رائٹ سائزنگ اقدامات کے نتیجے میں وفاقی حکومت کے اخراجات اور مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا تناسب کم ہوا ہے، جبکہ مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) اور خودمختار اداروں کی رائٹ سائزنگ کے لیے بھی تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔

بریفنگ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری مکمل ہو چکی ہے، جبکہ دیگر متعدد سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button