
آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن توانائی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پاکستان کے جامع توانائی تحفظ کے فریم ورک کا اہم ستون ہے، جو بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے، درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی پیداوار میں معاون ثابت ہوگی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید ریفائنریاں نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات پوری کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
شہباز شریف نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی جائے تاکہ مارکیٹ کی ضروریات پوری ہوں اور توانائی کے شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ ترمیم شدہ پالیسی پر مؤثر اور فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خبردار کیا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے تاکہ براؤن فیلڈ ریفائنریوں سے متعلق ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کو فروغ دے کر غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے پالیسی میں ترامیم کو حتمی شکل دینے پر وفاقی وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پاکستان کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر میں اضافے کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن ان کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے۔ مزید بتایا گیا کہ یورو-4 اور یورو-5 معیار کے مطابق ایندھن کی پیداوار پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، فضائی آلودگی میں کمی اور صارفین کو بہتر معیار کا ایندھن فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
بریفنگ کے مطابق پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں کی گئی ترامیم کا مقصد ماحول دوست یورو-5 معیار کے پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار کو یقینی بنانا، جبکہ فرنس آئل اور کم مالیت والی دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں کمی لانا ہے۔















