بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

زوفیشان ایاز کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم نے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ انڈر 19 کو شکست دیدی

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان ویمن انڈر 19 ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمن انڈر 19 کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ میچ کی ہیرو زوفیشان ایاز رہیں، جنہوں نے 29 گیندوں پر ناقابلِ شکست 44 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم ایک موقع پر 43 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی اور آخری 55 گیندوں پر 67 رنز درکار تھے۔ ایسے مشکل مرحلے پر زوفیشن ایاز اور کپتان فضا فیاض نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا اور ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کو 19.2 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔

فضا فیاض نے 27 گیندوں پر 28 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے شامل تھے۔ انہوں نے 14ویں اوور میں مسلسل تین چوکے لگا کر میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔

زوفیشان ایاز نے اپنی جارحانہ اننگز میں 29 گیندوں پر 44 ناٹ آؤٹ رنز بنائے، جس میں پانچ چوکے اور ایک شاندار چھکا شامل تھا۔ انہوں نے میچ کا اختتام آخری اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر کیا۔

پاکستان کی جانب سے راویل فرحان نے 18، کومل خان نے 15 جبکہ فضا فیاض نے ناقابلِ شکست 28 رنز بنائے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ ویمن انڈر 19 نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔ شریا سبیہا 30، کرس ماری بیزوئیڈنہاؤٹ ناقابلِ شکست 23 اور ڈیڈرے وان رینسبرگ 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے مہنور زیب اور روزینہ اکرم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ماہ نور، شہر بانو اور زوفیشن ایاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ریسپیکٹ مباسا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 25 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا فیصلہ کن اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 24 جولائی کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہوگا۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button