بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا نوجوانوں کے لیے بڑے اصلاحاتی و ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور بلوچستان کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) اسپیس پر منعقدہ ایک کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، ناقدین، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور قوم پرست حلقوں نے بھی شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یوتھ انگیجمنٹ پلان کے تحت گوادر سمیت بلوچستان کے ہر ضلع میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پنشن اصلاحات، الیکٹرک وہیکل پالیسی، غیر ضروری اخراجات میں کمی اور مختلف سرکاری محکموں میں جامع اصلاحات کا آغاز بھی کیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ اور مختلف اسکالرشپ پروگراموں کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں، کالجوں، جامعات اور صحت کے مراکز کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے چار ارب روپے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے۔

امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی پیشہ ور اور باصلاحیت مسلح افواج کی موجودگی میں چند شرپسند عناصر ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کر سکتے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے لاپتا افراد اور عوامی حقوق کے نام پر تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کی۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان سے متعلق مختلف سوالات کے جواب میں حقائق اور شواہد پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے ساتھ براہِ راست رابطے اور شفاف طرزِ حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ اس آن لائن سیشن میں ایک وقت میں سولہ ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے، جبکہ وزیراعلیٰ نے بلوچستان سے متعلق مختلف معاملات پر شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button