
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج گرم اور حبس کا موسم، چند مقامات پر بارش کا امکان
محکمۂ موسمیات نے آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور حبس زدہ موسم کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شام اور رات کے وقت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب کے چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں 26، لاہور 31، کراچی 30، پشاور 29، کوئٹہ 22، گلگت 23، مری 18 اور مظفرآباد میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات نے بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے لیے بھی جزوی ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ سرینگر، جموں، لیہہ، پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور بارہ مولہ میں شام اور رات کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج صبح سرینگر، پلوامہ اور بارہ مولہ میں 21، جموں میں 28، لیہہ میں 15 جبکہ اننت ناگ اور شوپیاں میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ بارش والے علاقوں میں سفر کے دوران بھی احتیاط برتیں۔















