
صدر مملکت کا تمباکو کے استعمال کی روک تھام کی کوششوں پر زور
صدر آصف علی زرداری نے تمباکو کے استعمال کی روک تھام کے لیے آگاہی، مؤثر قانون سازی اور روک تھام کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انسدادِ تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں موجودہ اور آنے والے نسلوں کو تمباکو کی مصنوعات مضر اثرات سے بچانے کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔
صدر نے کہا کہ عالمی ادار صحت کے مطابق تمباکو ہر سال دنیا بھر میں 70 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بنتا ہے، جن میں تقریبا 16 لاکھ اموات بالواسطہ تمباکو نوشی کے نتیجے میں ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتوں نے سول سوسائٹی کے تعاون سے قوانین، ضوابط اور آگاہی مہمات کے ذریعے تمباکو کے استعمال میں کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قومی پارلیمان اور صوبائی قانون ساز ادارے عوام اور آنے وا لی نسلوں کے تحفظ اور اس کاروبار سے وابسطہ عناصر کے خلاف مزاحمت کیلئے مؤ ثرقانون سازی کے ساتھ ساتھ ان پر عمل درآمد کے مضبوط نظام وضع کریں۔انہوں نے کہا کہ خاندان اور معاشرے کی سطح پر تبدیلی صحت عامہ میں قومی پیشرفت میں بامعنی کردار ادا کرسکتی ہے۔















