
سرحدوں کے محافظوں کا قوم کو عید کا سلام، دفاعِ وطن کیلئے ہر لمحہ تیار
عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے پوری قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے جوانوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن کے محافظ ملک کے دفاع اور سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کیلئے غیر متزلزل عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پوری قوم اپنے اہلخانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں منا رہی ہے تو سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوان ملک کی حفاظت کیلئے ہر لمحہ چوکس اور تیار ہیں۔
ایل او سی پر تعینات افسران اور جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور قومی پرچم کی حرمت کا تحفظ ان کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ اس فرض کی ادائیگی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
پاک فوج کے افسران نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سازش یا جارحیت کا بھرپور، مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔















