بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

معرکۂ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی۔

اس موقع پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار اور ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنزکے عزم، مستعدی اور کامیابی کو سراہا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، اُن کے معاون انفراسٹرکچر کی تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے روکنے کے لیے موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

فورم نے آپریشن غضب للحق کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کی مسلسل تباہی کا احاطہ کیا۔

فورم میں کہا گیا کہ افغان طالبان رجیم کی غیر منطقی اور گمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ افغان طالبان رجیم کی دہشتگردی کو سپورٹ افغان عوام کے مفادات کے مکمل برعکس ہے اور یہ رجیم اب اپنے عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔

فورم نے واضح کیا کہ افغان طالبان رجیم حالیہ دنوں میں ایک مسلسل پروپیگنڈے کے تحت پاکستان پر افغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا الزام لگا رہا ہے۔ یہ گمراہ کن بیانیہ افغان طالبان رجیم کی ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے۔

فورم میں کہا گیا کہ پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ہماری دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور معان انفراسٹرکچر کے خلاف درست اہداف پر مبنی ہیں۔

فورم نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت علاقائی استحکام پر گہرا اثر ڈال سکتی ہیں۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطہ میں استحکام کے فروغ اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کا دارومدار باہمی تحمل، ذمہ داری اور خودمختاری کے احترام پر مبنی ہے۔ فیلڈ مارشل نے "معرکۂ حق” کا یاد گار سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی اور اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکۂ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کی ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے۔ معرکۂ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل "بنیانٌ مرصوص” کی مانند یکجا کھڑے ہیں۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ قومی سطح پر معرکۂ حق کی یاد منانا بھارتی متکبرانہ سیاسی سوچ کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے تسلسل، مربوط ردِعمل اور روایتی و غیر روایتی دونوں نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا

یہ بھی پڑھیے

Back to top button