بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

معرکہ حق میں پاکستان سفارتی سطح پربھی کامیابی سے ہمکنارہوا،وزیراطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان سفارتی سطح پربھی کامیابی سے ہمکنارہوا ہے۔ دنیا میں لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ایم اے کاکول میں خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی جس پر کوئی جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پہلگام واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اور واقعہ کے شواہد مانگے تو بھارت کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہ تھا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اے پی ایس کا واقعہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ، پاکستان کا ہر طبقہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے،دوسری جانب ایک ایسا ملک ہے جس کا کبھی کلبھوشن پکڑا جاتا ہے اور کبھی ابھی نندن ۔ کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے اور پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی فورمز پر پاکستان کا بیانیہ بھرپور طریقے سے پیش کیا،وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر نے ٹیم ورک کے نتیجے میں بیانیے کی جنگ میں کامیابی حاصل کی ۔ معرکہ حق کی تاریخ میں سوشل میڈیا صارفین کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نے بھارتی میڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کو دکھایا ۔ بیانیہ کی جنگ میں پاکستان کے عوام نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت نے ہمارے یو ٹیوب چینلز بند کئے تو ہم نے اپنے ملی نغمے اور قومی ترانے بھارت کے اندر یوٹیوب کے چینلز پر چلا کر دکھائے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button