
پاک فوج نے سرحد پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی
پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سرحد پر فتنہ الخوارج کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان گزشتہ چند روز سے فتنہ الخوارج کے ایک گروہ کو پاکستان میں داخل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
اس ناکامی پر مایوس ہو کر افغان طالبان نے آج باجوڑ کے کٹکوٹ سرحدی علاقے کے گاؤں ملک شاہین میں پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
بلااشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے تین افراد، جن میں ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں، شہید ہو گئے جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے فائرنگ کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
پاک فوج کی اس کارروائی کے دوران باجوڑ سے ملحقہ افغان طالبان کی تمام چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
باجوڑ کے عوام نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
شہری آبادی کو نشانہ بنانا افغان طالبان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔















