بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

رانا تنویر کا گندم کی خریداری کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے پر زور

وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے اس امر پر زور دیا ہے کہ گندم کی خریداری کے نظام کو شفاف، مؤثر اور ہر لحاظ سے قابل رسائی بنایا جائے تاکہ تمام گندم پیدا کرنے والے علاقوں کے کسان اس سے بلا تاخیر اور بلا تفریق مستفید ہو سکیں۔وہ اسلام آباد میں نیشنل ویٹ اوور سائٹ (National Wheat Oversight) کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں مختلف صوبوں میں جاری گندم کی خریداری کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جس میں خریداری کے نظام کی بروقت تیاری، فصل کی کٹائی کے دوران منڈی کے استحکام، اور کسانوں کو نچلی سطح پر سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خریداری کے نظام میں تاخیر سے منڈی میں بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے اور درمیانی عناصر قیمتوں کے فرق سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کا براہِ راست نقصان کسانوں کو ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ خریداری کے تمام نظام فصل کی کٹائی کے اہم دورانیے میں مکمل طور پر فعال رہیں۔کمیٹی نے گندم کی پیداوار میں طویل المدتی اضافے کے اقدامات پر بھی غور کیا۔ رانا تنویر حسین نے بہتر اور تصدیق شدہ بیج کے استعمال، متوازن کھادوں کے استعمال کے فروغ، اور جدید زرعی مشینری جیسے لیزر لیولنگ، جدید طریقہ کاشت اور بہتر کٹائی کے نظام کے فروغ پر زور دیا۔ ان اقدامات کو فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور قومی غذائی تحفظ کے استحکام کے لئے ناگزیر قرار دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے زرعی توسیعی خدمات، کسانوں میں آگاہی مہمات، اور زرعی وسائل کی بروقت دستیابی کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان مربوط تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی سپلائی چین کے دباؤ کے تناظر میں پالیسیوں کو عملی نتائج میں بدلنے کیلئے ادارہ جاتی ہم آہنگی نہایت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button